شوکت یوسفزئی کی وزیراعظم عمران خان  کو 2سال کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد 

  شوکت یوسفزئی کی وزیراعظم عمران خان  کو 2سال کامیابی سے مکمل کرنے پر ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے وزیراعظم عمران خان کو حکومت کے دو سال کامیابی سے مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت اور درست فیصلوں کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ملک دو سال میں صحیح ٹریک پر آچکا ہے تحریک انصاف کے تمام رہنماء اور کارکن بھی آج کے دن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کو ان دو سالوں میں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا لیکن پھر بھی وزیر اعلیٰ محمود خان نے بی آر ٹی اور فاٹا انضمام کے منصوبے احسن انداز میں مکمل کئے۔ کامیاب انضمام کے بعد اب ضم اضلاع میں ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے وزیراعلی محمود خان ہر مشکل وقت میں وزیراعظم کی توقعات پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چھوٹا صوبہ ہونے کے باوجود تمام تر مشکلات کا سامنا کرکے بالاخر کورونا پر قابو پالیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع 15 سال تک دہشتگردی کی لپیٹ میں رہے۔ دہشت گردی کو شکست دینے کے بعد صوبے میں اب امن قائم ہے اور صوبہ ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان دو سالوں میں بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبے مکمل کیے گئے جبکہ کچھ پر کام جاری ہے جو عنقریب مکمل کر لئے جائیں گے۔ صوبے میں سستی بجلی پیدا کر کے ارزاں نرخوں پر صنعتوں کو دینے کے معاہدے ہو چکے ہیں جس سے صنعتی ترقی ہو گی۔ رشکئی اکنامک زون صوبے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بہترین پالیسیوں کی بدولت ملک کی معیشت اوپر جارہی ہے۔ بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت پہلی بار فلسطین اور کشمیر کے مسائل عالمی سطح پر اجاگر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا نہ ہی آئیگا۔ ملکی سطح پر کرپشن میں کمی کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے جن کی کرپشن کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت گرانے کی تحریکیں پہلے بھی کئی مرتبہ چل چکی ہیں۔اپوزیشن کو احتساب کا عمل تیز ہونے کا غم کھائے جارہا ہے کیونکہ قوم کا پیسہ لوٹنے والے جلد جیلوں میں ہونگے۔ کوئی سیاسی انتقام نہیں لیا جارہا، تمام کارروائیاں میرٹ کے مطابق ہونگی۔ 

مزید :

صفحہ اول -