سپریم کورٹ کافیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات ختم کرنے کاحکم 

سپریم کورٹ کافیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات ختم کرنے ...
سپریم کورٹ کافیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات ختم کرنے کاحکم 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے فیصل آباد میں رفاعی پلاٹس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات ختم کرنے کاحکم دیدیا،عدالت نے کہاکہ گرین بیلٹس اوررفاعی پلاٹس پر تمام غیرقانونی اورغیر متعلقہ سرگرمیاں ختم کی جائیں ،گرین بیلٹس اور رفاعی پلاٹس کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔

چیف جسٹس نے کمشنر فیصل آباد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ کمشنر صاحب پورے شہر کا سروے کریں ،یہ زمین جس مقصدکیلئے ہوتی ہے اس پر صرف وہی کام ہونا چاہئے ۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیاکہ کیا شہر میں گرین بیلٹس اور جوئے پارک میں بنے پٹرول پمپس ہٹ گئے ؟،کمشنر فیصل آبادنے کہاکہ دونوں جگہوںسے پٹرول پمپ ختم کردیئے ہیں ۔

چیف جسٹس نے کہاکہ گرین بیلٹس کی زمین پر پمپ کیسے بن گیا،کمشنر فیصل آبادنے کہاکہ یہ زمین 30 سال پہلے لیز کی گئی ،چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ معاملے کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لیں ،کمشنر فیصل آباد نے کہاکہ عدالت کے حکم سے ہمیں طاقت ملی ہے،شہر میں مزید ایسی تجاوزات ہیں سب کیخلاف ایکشن ہوگا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ پنجاب حکومت رفاعی ،گرین بیلٹس پر ایسی تجاوزات کیخلاف ایکشن لے گی ،جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ گرین بیلٹس شہر کے پھیپھڑے ہوتی ہیں ،جسٹس قاضی امین نے کہاکہ شہر چلانا انتظامیہ کاکام ہے ارکان پارلیمان یاججز کانہیں ،ایسی جگہوں پرکمرشل سرگرمیاں انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -