پارک لین ضمنی ریفرنس، نیب نے اعتراضات دور کر دیئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ضمنی ریفرنس کے معاملے میں نیب نے اعتراضات دور کر دیے۔
نیب نے اعتراضات دور کرنے کے بعد ضمنی ریفرنس دوبارہ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا، پارک لین ضمنی ریفرنس پر اعتراض رجسٹرار آفس کی جانب سے لگایا گیا تھا۔
ضمنی ریفرنس میں دستاویزات کی ترتیب صحیح نہ ہونے پر اعتراض لگایا گیا تھا۔ ضمنی ریفرنس میں آصف علی زرداری سمیت 19 ملزمان نامزد ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے پارک لین کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔ دائر ریفرنس میں آصف علی زرداری سمیت19ملزمان کے نام شامل ہیں۔
ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ اقبال میمن اور یونس قدوائی بھی پارک لین میں شئیر ہولڈرز تھے، ضمنی ریفرنس میں کرپشن کی رقم 1.5 بلین سے بڑھ کر 3.74 بلین اور وعدہ معاف گواہان کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
ریفرنس میں 3 مزید ملزمان کو شامل کیا گیا تھا اور کہا گیا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پارک لین میں 25-25 فیصد کے شراکت دار ہیں اور نیب کے سامنے شراکت داری کا اعتراف کر چکے ہیں۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ایڈیشنل رجسٹرار ایس ای سی پی کے افسران نے پارک لین کے معاہدوں اور جعلی دستاویزات میں مدد کی۔ جعلی دستاویزات پر کمپنی نے قرضہ لیا اور بعد ازاں قرضہ واپس کرنے سے انکار کیا۔