قومی ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے کی وجہ کون بتا سکتا ہے؟ کامران اکمل ایک بار پھر میدان میں آ گئے

قومی ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے کی وجہ کون بتا سکتا ہے؟ کامران اکمل ایک بار پھر ...
قومی ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے کی وجہ کون بتا سکتا ہے؟ کامران اکمل ایک بار پھر میدان میں آ گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے تیار ہوں اور پرفارمنس بھی دیتا ہوں لیکن پھر بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوتا تو اس کی وجہ سلیکشن کمیٹی ہی بتا سکتی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان دنوں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کی تیاریوں میں مصروف ہے لیکن تاحال سیزن کے آغاز کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جا سکا ہے جبکہ بائیو سیکیور ماحول بنانے کیلئے بھی چیلنجز درپیش ہیں۔ 

وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ سیزن تاخیر کا شکار تو نہیں ہوا، ان دنوں پہلے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوتی ہے، ابھی وقت ہے تو پی سی بی کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کرنے چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں اور متعلقہ سٹاف کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، کورونا وائرس کے سخت ایس او پیز کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز ہونا چاہیے۔ انگلینڈ نے مشکل حالات میں انٹر نیشنل کرکٹ کروائی ہے، وہاں ڈومیسٹک سیزن بھی جا ری ہے، ہمیں ان سے رہنمائی لینی چاہیے اور اسی طرح ہمیں بھی کرکٹ کا آغاز کرنا چاہیے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ڈومیسٹک کرکٹ مکمل ایس او پیز کے ساتھ شروع کی جائے اور پھر اس کو سامنے رکھتے ہو ئے پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں سارا سال ٹریننگ جاری رکھتا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ مجھے کیرئیر میں فٹنس مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میں صرف انٹر نیشنل کرکٹ کیلئے ٹریننگ نہیں کرتا بلکہ ہر سطح کی کرکٹ کیلئے خود کو فٹ رکھتا ہوں، میں انٹر نیشنل کرکٹ کیلئے تیار رہتا ہوں پرفارمنس بھی دیتا ہوں، اگر میں قومی ٹیم میں نہیں ہوں تو اس کی وجہ سلیکشن کمیٹی ہی بتا سکتی ہے۔

مزید :

کھیل -