متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے پر سعودی عرب کا پہلا بیان آگیا
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن )متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر سعودی عرب کا پہلا باضابطہ بیان سامنے آگیا ۔العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ عرب امن منصوبے کی بنیاد پر مملکت امن کے لئے پرعزم ہے۔برلن کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بستیوں کے حوالے سے اسرائیل کے یکطرفہ اقدامات امن کے امکانات میں رکاوٹ ہیں۔ادھر سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے بدھ کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی شرط کے طور پر بین الاقوامی معاہدوں کی بنیاد پر فلسطینیوں کے ساتھ امن حاصل کرنا ضروری ہے،ایک بار اس کے حصول کے بعد تمام چیزیں ممکن ہیں ۔