مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر سے فوج کی 100 کمپنیاں واپس بلالیں
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر سے فوج کی 100 کمپنیاں یعنی 10 ہزار فوجیوں کو واپس بلانے کا حکم دے دیا گیا۔
بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے بدھ کے روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوج کی تعیناتی کا از سر نو جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پیرا ملٹری فورسز کی 100 کمپنیوں کو فوری طور پر واپس بلالیا جائے۔ ان کمپنیوں کو ایک سال پہلے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے وقت تعینات کیا گیا تھا اور اب انہیں واپس بیس لوکیشن میں بھیجا جائے گا۔ اس سے قبل مئی میں بھی پیرا ملٹری فورسز کی 10 کمپنیاں واپس بلائی گئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کے فوج واپس بلانے کے فیصلے کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنٹرل ریزو پولیس فورس کی 60 بٹالین رہ جائیں گی۔ خیال رہے کہ ایک بٹالین میں ایک ہزار اہلکار ہوتے ہیں۔