لیگی رہنماؤں کے وارنٹ جاری ہونے کا معاملہ، حمزہ شہباز کا مؤقف بھی آگیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر مسلم لیگ( ن) کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا مؤقف بھی آگیا۔
اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا "مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری اور چھاپے قابل مذمت اور آمرانہ سوچ کے عکاس ہیں۔ عمران نیازی کی ایماءپر فسطائی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ (ن) کے حوصلے نہیں ٹوٹیں گے۔ایسی انتقامی سوچ ہماری جمہوری روح کا بال تک بیکا نہیں کر سکتی۔"
خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کے معاملے میں 12 لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ جن رہنماؤں کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں ان میں عطاء تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری، سیف الملوک کھوکھر، بلال تارڑ سمیت دیگر شامل ہیں۔