افغانستان کی طالبان حکومت نے قبضے میں لیے گئے فوجی ہیلی کاپٹر اور طیاروں کی مرمت کے بعد تجرباتی پروازیں بھی شروع کردیں
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت نے قبضے میں لیے گئے فوجی ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کی مرمت کے بعد تجرباتی پروازیں شروع کر دی ہیں اور اب تک متعدد ہیلی کاپٹرز اور طیاروں کی کامیاب پروازیں کی جا چکی ہیں۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک روسی فوجی ہیلی کاپٹر اور کئی امریکی طیاروں کی کامیاب پروازیں کی گئی ہیں، جو طالبان نے امریکی انخلاءکے بعد قبضے میں لیے گئے۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے قبضے میں لیے گئے ایک روسی ہیلی کاپٹر اور دو امریکی فوجی طیاروں کی مرمت کے بعد کامیاب پروازوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ جب خوارزمی سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ہیلی کاپٹر اور طیاروں کی مرمت کے لیے کس سے تکنیکی مدد لی؟ تو انہوں نے کہا کہ ”ہم نے کسی ملک سے بھی اس معاملے میں مدد نہیں لی۔“
عنایت اللہ خوارزمی نے تصدیق کی کہ طالبان حکومت اب تک 35ٹینک، 7000ٹرک ، 15ہمویز، کئی ہیلی کاپٹرز اور طیاروں کی مرمت کر چکی ہے۔ انہوں یہ بھی کہا کہ ”ہم سابق افغان نیشنل آرمی کے پائلٹس، مکینکس اور ماہرین کو بھی بھرتی کریں گے جن کی تربیت خود امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے کی تھی۔ “