زندگی دینے والوں پر موت کے حملے جاری، مزید 3ہیلتھ ورکرز قتل،پولیو مہم معطل،ہرقسم کا تحفظ دیں گے:صدر

زندگی دینے والوں پر موت کے حملے جاری، مزید 3ہیلتھ ورکرز قتل،پولیو مہم ...
زندگی دینے والوں پر موت کے حملے جاری، مزید 3ہیلتھ ورکرز قتل،پولیو مہم معطل،ہرقسم کا تحفظ دیں گے:صدر

  

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) چارسدہ،پشاور اور نوشہرہ میں آج پھر پولیو ٹیم پر فائرنگ کر کے لیڈی سپروائزر اور اس کے شوہر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پشاور کے علاقے داودزئی میں پولیو ٹیم بچوں کو قطرے پلا رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہلال خان زخمی ہوگیا جسے ہسپتال داخل کرایا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ہلال خان کے سرمیں گولی لگی تھی ۔چارسدہ میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس سے لیڈی سپروائزر شوہر سمیت جاں بحق ہوگئی۔دوسری طرف نوشہرہ میں بھی پولیو ٹیم کو نشانہ بنا گیا تاہم فائرنگ کے نتیجے میں راہ گیر گولی لگنے سے زخی ہوگیا۔ ادھر شہر میں مسلسل دوسرے روز پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ پر حیات آباد میں 10 ٹیموں نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا۔دوسری جانب کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن میں دو ملزمان کو ہلاک کردیا۔ ملزم کے قبضے سے خط برآمد ہوا جس کے متن کے مطابق پولیو مہم پر حملے جاری رہیں گے۔ دوروزسے جاری انسدادِ پولیو مہم ٹیم کی ہلاکتوں کے بعد پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں دو ملزمان جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان سے ایک خط برآمد ہوا جس میں امیر نے حکم دیا کہ پولیو مہم کو سبوثاژکیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پشاور اور کراچی میں پولیو ٹیموں پر حملے کے نتیجے میں 5 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں جس کے بعد کراچی میں انسداد پولیو مہم روک دی گئی تھی۔ادھر عالمی ادارہ صحت اوریونیسیف نے پاکستان میں اپنے پولیوفیلڈ ورکرزکوکام سے روک دیا۔پشاور میں پولیو ٹیموں پر حملے کے بعد ڈبلیو ایچ او نے ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مزید احکامات جاری ہونے تک کام روک دیں۔یونیسیف نے بھی پولیو مہم میں شریک اپنے عملے کو کام بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب صدر زرداری نے پولیو ورکرز کو ہر قسم کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ایوان صدر سے جار بیان کے مطابق صدر زرداری نے انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پر حملوں کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ ہیلتھ ورکز کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ صدر زرداری نے کہا کہ انتہاءپسندوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قومی مفاد کے منافی ہیں۔پنجاب میں بھی پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔پنجاب کے وزیر قانون نے بتایا ہے کہ پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ادھر پولیو مہم ٹیم نے ہیلتھ ورکرز کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

مزید : قومی