برطانیہ میں محنت کشوں پر چلانے کیلئے ’تلوار‘ تیزہو گئی
لندن (بیورورپورٹ) برطانیہ میں بڑے پیمانے پر ورکرز کی برطرفی کیلئے نوٹس کی میعاد 90 دن سے کم کر کے45 دن کی جا رہی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت کا یہ اعلان رواں سال بیسکروفٹ رپورٹ کی اشاعت کے بعد سامنے آیا ہے۔ ملازمت سے متعلق امور کے وزیر جو سوئنسن کا کہنا ہے کہ دیگر تبدیلیوں کے ساتھ اس فیصلے کا مقصد ورکرز اور تاجروں کی مدد کرنا ہے لیکن ٹریڈ یونینز کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ورکرز کی برطرفی کو آسان بنانا ہے۔یہ تبدیلی اگلے سال اپریل میں پورے برطانیہ میں متعارف کرائے جانے کا پروگرام ہے۔ بیسکروفٹ رپورٹ میں 90 دن کی لازمی مشاورتی مدت ختم کر کے اسے 30 دن کرنے اور اگر کمپنی شدید بحران کا شکار ہو تو صرف 5 دن کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔