بھارت ‘ تربیت یافتہ افراد آئندہ مختلف علاقوں میں شیروں کی گنتی کرینگے

بھارت ‘ تربیت یافتہ افراد آئندہ مختلف علاقوں میں شیروں کی گنتی کرینگے

  

نئی دہلی (این این آئی) بھارت میں تربیت یافتہ افراد آئندہ مختلف علاقوں میں شیروں کی گنتی کرینگے ۔بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق دو ہزار تربیت یافتہ افراد ایک ہفتے تک مختلف علاقوں میں شیروں کی گنتی کریں گے۔شیروں کی گنتی کے لیے سینسرز اور کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شیروں کے پنجوں کے نشانات کی مدد سے بھی تعداد کا اندازہ لگایا جائے گا تاہم بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے ماہرین کے حوالے سے بتایا کہ شیروں کی گنتی کے لیے جو طریقہ استعمال کیا جائے گا اس میں خامیاں ہیں اور پرانا ہو چکا ہے۔شیروں کے ماہر اولس کرانتھ کے مطابق گنتی کے طریقہ کار کے نتائج میں ہو سکتا ہے کہ شیروں کی نشاندہی کرنے والے ماہر افراد بھی غلطیاں کریں۔بھارت میں شیروں کی گذشتہ گنتی کے نتائج کے مطابق ملک میں شیروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ 2010 اور 2011 کےلئے کیے جانے والے سروے کے مطابق سال 2006-7 کے مقابلے میں شیروں کی تعداد 1411 سے بڑھ کر 1706 ہو گئی تھی تاہم دی ہندو اخبار کے مطابق شیروں کی آبادی کو اب بھی شکاریوں سے خطرہ ہے اور چار سال کے دوران ان کی آبادی 93697 مربع کلومیٹر سے کم ہو کر 81881 مربع کلومیٹر تک محدود رہ گئی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -