ایف بی آرپروفیشنل کیمرہ انڈسٹری پر عائد ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرے

ایف بی آرپروفیشنل کیمرہ انڈسٹری پر عائد ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرے

  

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ پروفیشنل کیمرہ انڈسٹری پر عائد ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرے تاکہ اسے تباھی اور بے شمار لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جاسکے۔وہ لاہور چیمبر میں دو رُکنی جاپانی وفد سے خطاب کررہے تھے جس کے اراکین میں متسوہیرو تناکہ اور شنوبو اکوتا شامل تھے۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق رُکن ناصر سعید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ حکومت اگر پروفیشنل کیمرہ انڈسٹری پر عائد ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی موجودہ شرح پینتالیس فیصد سے کم کرکے دس فیصد کردے تو نہ صرف اس صنعت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ حکومت کے محاصل بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب جدید کیمروں سے لیس موبائل فون انتہائی کم ڈیوٹی ٹیرف پر درآمد کیے جارہے ہیں، کیمرہ انڈسٹری پر بھاری ٹیکس اور ڈیوٹیاں عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے جاپانی وفد کو لاہور چیمبر آف کامرس اینے انڈسٹری کے کام کرنے کے طریقہ کار اور معیشت میں اس کے کردار کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں ملک گیر فوٹوگرافی نمائش منعقد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پروفیشنل کیمرہ انڈسٹری مستحکم ہوگی بلکہ پاکستان کی بہترین ساکھ بھی اُجاگر ہوگی۔ وفد کے سربراہ متسوہیروتناکہ نے اپنے خطاب کے دوران کیمرہ انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوششیں کرنے پر لاہور چیمبر آف امرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

نہوں نے کہا کہ جاپان کا نجی شعبہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر غور کررہا ہے کیونکہ یورپین یونین کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس حاصل ہونے سے بین الاقوامی برادری کو بہت مثبت پیغام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار کے لیے بہترین جگہ ہے اور اس کی جغرافیائی حیثیت نے اسے خطے کے دیگر ممالک میں ممتاز بنا دیا ہے جس سے غیرملکی سرمایہ کار بہت فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -