کراچی:پنجاب کی صنعتوں کو گیس اور بجلی کی فراہمی کافیصلہ خوش آئند ہے: صنعتی برادری

کراچی:پنجاب کی صنعتوں کو گیس اور بجلی کی فراہمی کافیصلہ خوش آئند ہے: صنعتی ...

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین اورکاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے پنجاب میں ہنگامی بنیادوں پر صنعتوں کوگیس اوربجلی کی فراہمی کے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اقدامات کی ہدایات جاری کیے جانے کوملکی معاشی ترقی کے لیے خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینے کے لیے بجلی ،گیس کی فراہمی کویقینی بنانا ہوگا تاکہ ملک میں سرمایہ اورصنعتکاری کی راہ ہموار کی جاسکے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کودرپیش توانائی بحران دورکرنے اورامن وامان کی صورتحال بہتربنانے کے لیے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے، کراچی میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہترہوئی ہے لیکن بھتہ مافیا کی جانب سے ابھی بھی رقم طلب کیے جانے کی کاروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہنڈی کے ذریعے رقم کی فراہمی کی جارہی ہے لہذاحکومت کوچاہیے کہ ترسیلات زرمیں اضافے اورقانونی طریقے سے ترسیلات زرکی آمد کے لیے ایک فیصد اضافی رقم دینے کااعلان کردے تو ملکی ترسیلات زر 20 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ایس ایم منیر نے حکومتی اخراجات میں کمی کرنے سمیت درآمدی اشیاءجنمیں ناشپتی،منجن،ٹوتھ پیسٹ،چاکلیٹ اوردیگر کی درآمدات پرپابندی عائد کردینے کا بھی مطالبہ کیا۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پنجاب میں صنعتوں کوگیس اوربجلی کی فراہمی سے کروڑوں ڈالر نقصان سے بچنے کی امید پیدا ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری جمہوری نظام اورعوامی نمائندے ہی مسائل کو حل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے نوجوانوں،خواتین اورچھوٹے کاروباری افراد کے لیے اعلانات خوش آئند عمل ہے لیکن اسٹیک ہولڈرزسے مشاورتی پہلو کواپناتے ہوئے اس میں مزید بہتری ہوسکتی ہے ۔کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل میں توانائی بحران سب سے گھمبیر صورتحال اختیارکرتا جارہا ہے اور موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرناچاہتی ہے جسکے لیے ضروری ہے کہ توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کیے جائیں تاکہ ملک میں بڑہتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی پرقابو پایا جاسکے ۔

مزید :

کامرس -