لاہور چیمبر نے ممبران کے لیے آئی ٹی ٹریننگ کورس شروع کردیا

لاہور چیمبر نے ممبران کے لیے آئی ٹی ٹریننگ کورس شروع کردیا

  

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے ممبران کے لیے آئی ٹی ٹریننگ کورس شروع کردیا ہے جس کا مقصد انہیں کمپیوٹر کے جدید علوم سے متعارفکرواکے اُن میں بین الاقوامی برادری سے باآسانی روابط قائم کرنے کی صلاحیت کو اُجاگر کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے آئی ٹی ٹریننگ کورس کے گیارہویں بیچ کا افتتاح لاہور چیمبرکے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کیا جبکہ آئی ٹی ماہر قمر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبرکے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے یہ کورس تاجروں کی ضروریات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورس میں بیسک آئی ٹی اور نیٹ ورکنگ کو شامل کیا گیا ہے ، بیسک آئی ٹی کورس (لیول ون) ممبران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیادی اجزا، ونڈوز، ای میلز، سیف ویب براﺅزنگ اور ایم ایس آفس کے متعلق معلومات مہیا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ نیٹ ورکنگ کورس لاہور چیمبر کے اُن ممبران کے لیے مرتب کیا گیا ہے جو کمپیوٹر اور نیٹ ورکنگ کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں۔ اس کورس کی مدد سے لاہور چیمبر کے ممبران نیٹ ورکنگ سے متعلقہ مسائل حل کرسکیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں عالمی ضروریات بڑی تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں اور یہ بہت ضروری ہے کہ کاروباری برادری کو ان سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اسی کے پیش نظر لاہور چیمبر آئی ٹی کورسز جیسے اقدامات اٹھارہا ہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر انڈسٹری کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات عالمی معیارات کو مدّنظر رکھتے ہوئے تیار کریں ۔

 انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی مدد سے غیرملکی خریداروں کو مصنوعات کے معیار اور خصوصیات سے آگاہی حاصل ہوسکتی ہے لہذا تاجروں کو اس جانب خاص توجہ دینی چاہیے۔ مذکورہ کورس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پینتیس سے زائد ممبران کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید :

کامرس -