پاک بھارت سرحدی حکام امن برقراررکھنے اور سیز فائر معاہدے کی پاسداری پر متفق

پاک بھارت سرحدی حکام امن برقراررکھنے اور سیز فائر معاہدے کی پاسداری پر متفق
پاک بھارت سرحدی حکام امن برقراررکھنے اور سیز فائر معاہدے کی پاسداری پر متفق

  

مقبوضہ جموں(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے سرحدی سکیورٹی حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں ایل او سی پر امن برقرار رکھنے اور سیز فائر کے حوالے سے دوطرفہ معاہدوں کی پاسداری پر اتفاق کیا گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ نے بتایا کہ پونچھ کے قریب چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر صبح ساڑھے گیارہ بجے پاکستان اور بھارت کے بٹالین کمانڈرز کی سطح پر ایک فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے قریب ایل او سی پر امن یقینی بنانے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اچاریہ نے کہا کہ دونوں وفود کی سربراہی لیفٹیننٹ کرنل سطح کے افسران کررہے تھے۔ اجلاس میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں کی پاسداری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق دونوں اطراف سے مذاکرات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ ایک دوسرے کی طرف سے اٹھائے گئے معاملات پر خصوصی توجہ دیں گے اور ان کو فوری طور پر ہرممکن حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ دونوں اطراف سے سیز فائر کے حوالے سے کئے گئے معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ میٹنگ بلانے کی تجویز بھارت کی جانب سے دی گئی جس کا مقصد لائن آف کنٹرول پر امن کی بحالی تھا۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -