کرپٹ لوگوں کی چوری مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈالی جاتی ہے، 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخی مظاہرہ کریں گے عمران خان

کرپٹ لوگوں کی چوری مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈالی جاتی ہے، 22 دسمبر کو مہنگائی ...
کرپٹ لوگوں کی چوری مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈالی جاتی ہے، 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخی مظاہرہ کریں گے عمران خان

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن اور ٹیکس چوری کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈالا جاتا ہے، 22 دسمبر کو مہنگائی کے خلاف تاریخی مظاہررہ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر بھی ملک میں قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، کرپٹ اور طاقتور لوگوں کی کرپشن اور ٹیکس چوری عوام سے مہنگائی کے ذریعے وصول کی جاتی ہے، عام شہری کے حالات اس سے پہلے کبھی اتنے زیادہ برے نہیں ہوئے، اس ہوشربا مہنگائی کے خلاف 22 دسمبر کو لاہور میں تاریخی مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انصاف، تعلیم اور دیگر سہولیات طاقتور افراد کو ملتی ہیں جبکہ کمزور کو بنیادی حقوق بھی نہیں مل رہے، تحریک انصاف اس روایت کو بدلے گی اور نیا پاکستان بنائے گی اور اس کیلئے عوام کو عوام کو جگا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے ہم اپنی پارٹی کے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے اپنے اتحادیوں کو صرف کرپشن کرنے پر علیحدہ کر دیا، کون سی حکومت ہے جو اتحادیوں کو الگ کر کے اپنے آپ کو کمزور کرے، مجھے فخر ہے کہ خیبرپختونخواہ کے عوام آج تبدیلی محسوس کر رہے ہیں، ہم وہ بلدیاتی نظام لا کر دکھائیں گے جو لوگوں کو آزاد کرے گا اور گاﺅں کی سطح پر لوگوں کو اختیارات ملیں گے۔ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی نظام سے لوگ آزاد ہوں گے جبکہ پنجاب میں لوگ اٹھ نہیں سکیں گے، تمام فیصلے چند افراد کے ہوں گے۔

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -