فیفا کے معطل شدہ صدر سیپ بلیٹر کاعائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ
زیورخ (آئی این پی)فٹبال کی عالمی تنظیم( فیفا) کے معطل شدہ صدر سیپ بلیٹر نے ان پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں میں شرکت پر عائد عارضی پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔بلیٹرگزشتہ روز تنظیم کی ضابط آخلاق کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جو ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔سماعت کے بعد بلیٹر کے وکیل رچرڈ کلن نے کہا ہے کہ ثبوت یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سیپ بلیٹر کے اقدامات فیفا کے ضابط آخلاق کے خلاف نہیں تھے۔خیال رہے کہ ضابط اخلاق کمیٹی نے سوئس حکام کی جانب سے سیپ بلیٹر کے خلاف یورپی فٹبال کے سربراہ مشل پلاٹینی کو 2011 میں 20 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کے معاملے میں فوجداری تحقیقات کے آغاز کے بعد رواں برس اکتوبر میں بلیٹر کو 90 دن کے لیے معطل کر دیا تھا۔
بلیٹر کے علاوہ پلاٹینی بھی اسی عرصے کے لیے معطل کیے گئے تھے۔79 سالہ بلیٹر جنھوں نے 1998 سے فیفا کے انتظامات سنبھالے ہوئے تھے ہمیشہ ہی کسی بھی قسم کے ناجائز عمل سے انکار کرتے آئے ۔