گلبر گ،ٹریفک وارڈن کا پنجاب بینک کے وائس پریذیڈنٹ پرتشدد
لا ہور (خبر نگا ر ) گلبر گ میں وارڈن کا پنجاب بینک کے وائس پریذیڈنٹ رانا شبیر پر تشدد۔ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر وارڈن اور رانا شبیر میں تلخ کلامی ہو گئی ،جس پر وارڈن حسن نے طیش میں آکر وائر لس سیٹ مار کر رانا شبیر کا سر پھاڑ دیا۔تفصیلا ت کے مطا بق گلبرگ لبرٹی گول چوک کے قریب وارڈن حسن اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا تھا کہ رانا شبیر کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر روکا اور اس کا چالان کرنے کیلئے نام پوچھا جس پر ان دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی، وارڈن حسن غصے میں آ گیا اور اپنا وائرلس سیٹ پنجاب بینک کے وائس پریذیڈنٹ کے سر پر دے مارا جس سے ان کا سر پھٹ گیا اور خون بہنا شروع ہو گیا۔ شہریوں اور دوسرے وارڈنز نے معاملے کو ختم کروایا۔ سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک وارڈن حسن کو معطل کر دیا جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک گلبرگ منیر بٹ کو واقع کی انکوائری کر کے رپورٹ کرنے کے احکا مات جاری کیے۔