انتہائی مطلوب اشتہاری ملزموں کی تصاویر پبلک مقامات پرآویزاں کرنے کا فیصلہ
لاہور(نیوز رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب کے حکم پر صوبے کی پولیس اہم اور پبلک مقامات پر انہتائی مطلوب دہشت گردوں اور سرکی قیمت کے حامل ملزمان کی تصاویر آویزاں کریگی۔پولیس کی طرف سے مقامات کا تعین کرنے کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ سے منظوری لی جائے گی۔ملزمان کی ایک فٹ مربع کی شفاف تصاویر کی حامل فلیکسز خصوصی طورپر تیار کردہ بورڈ پر لگائی جائینگی۔معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبائی پولیس کو احکامات جاری کیئے ہیں کہ انتہائی مطلوب اور سرکی قیمت کے حامل ملزمان کی جلد گرفتاری اور عوام کو ان کی صورت سے شناسا رکھنے کے لیے صوبے کے ہر شہر میں اہم اور پبلک مقامات پر ان کی تصاویر آویزاں کئے جائیں۔یہ تصاویر کم از کم ایک فٹ مربع کی چوڑائی و لمبائی پر مشتمل شفافیت کی حامل ہونگی اور فلیکس کی صورت خصوصی طورپر تیار کئے جانے والے بورڈز پر لگائی جائینگی۔اس سلسلے میں ہر شہر کی پولیس پہلے ایسے مقامات کا تعین کریگی۔ جہاں تصاویر آویزاں ہوسکیں گی۔بعدازاں ان مقامات کے متعلق محکمہ داخلہ سے منظوری لی جائیگی۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمان کی 2016کی ریڈ بک تیار کرنے اور خطرناک ملزمان کی ہیڈ منی بڑھانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔