آپریشن کو ایک صوبہ تک محدود کرنے سے سوالات اٹھ رہے ہیں،طاہرالقادری
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ معاشی دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچانا انہی کی ذمہ داری ہے جنہوں نے یہ آپریشن شروع کروایا ۔جس دن تخت لاہور کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی شروع ہوئی تو پنجاب اسمبلی بھی مخالفانہ قراردادیں پاس کرنے میں پیچھے نہیں رہے گی ۔ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہانے والے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں ۔وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ قومی آپریشن کو ایک خاص صوبہ اور علاقہ تک محدود کرنے کی وجہ سے سوالات اٹھ رہے ہیں ۔وزارت داخلہ کی اپنی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ لینے سب سے زیادہ اڈے پنجاب میں ہیں ۔ ہز ا ر و ں ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضے کرنے والے،ٹارگٹ کلرز اور خزانہ لوٹنے والے اعلیٰ آئینی ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔لاہور ،فیصل آ با د ، گوجرانولہ،راولپنڈی کی گلیوں میں کریمنلز کا راج ہے یہاں کی پولیس کسی بھی دوسرے صوبہ کی پولیس سے زیادہ رشوت خور،نا اہل اور نکمی ہے، یہاں آپریشن کیوں نہیں ہوتا؟انہوں نے مزید کہاکہ 16دسمبر 2014 اور 16دسمبر 2015 کے دن پوری قوم نے دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ملکی اداروں کو اب مزید کس قومی اتفاق رائے اور اخلاقی قوت کی ضرورت ہے ؟