محنت نہ کرنے والے ججوں کی جوڈیشری میں کوئی جگہ نہیں ، جسٹس سید منصو رعلی

محنت نہ کرنے والے ججوں کی جوڈیشری میں کوئی جگہ نہیں ، جسٹس سید منصو رعلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ لاہور کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس سید منصو رعلی شاہ نے کہاہے کہ کرپٹ اورمحنت نہ کرنے والے ججوں کی جوڈیشری میں کوئی جگہ نہیں ہے لیکن قابل اورایمان دار ججوں کے پیچھے میں پہاڑ کی طرح کھڑ اہو کر ان کی رہنما ئی اورحفاظت کروں گا۔جوڈیشری ،ماتحت عدلیہ احتساب اورشفافیت کے نظام بہتر بنایاجائے گا۔اس طرح صوبہ بھر کی بار ایسوی ایشنوں پر بھی ذمہ دار عائد ہوتی ہے کہ وہ شفافیت اوراحتساب کے عمل اورخوداحتسابی کے عمل کو صحیح معنوں میں رائج کریں۔مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوی ایشن جھنگ کے ایڈیٹوریم میں وکلاء سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ میاں فیض محمد ،صدر جھنگ بار سید علی رضا ترمذی ،جنرل سیکرٹری بار مہر عامر شاکر نول اور وکلاء کی بڑی تعدادموجود تھی ۔مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ نے کہاکہ ہم نے جوڈیشل نظام میں ریفارمز اورانقلابی تبدیلیاں لانے کیلئے جو خواب دیکھے ہیں ان کی تعبیر اس صورت میں ممکن ہے کہ بار اور عدلیہ ،سوچ ،فکر ،علم اورریسرچ کے اصولوں کو اپنائیں۔ وکلا ء ایجنٹ آف چینج ہیں، دانش ور ہیں، مفکر ہیں مگر یہ بات ہمیں تسلیم کرلینی چاہیے کہ عدلیہ اوربار کا مقام کم ہوا ہے ۔بار اورعدلیہ کے نام کو بلند کرنے کیلئے مثبت سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔لاہور ہائی کورٹ جوڈیشری کیلئے موبائل فون پر سپیشل ایپلیکیشن بنارہے ہیں اوراس پروجیکٹ پر 25کروڑ کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے صوبوں میں 1640ججز کیلئے کورٹ روم ہی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت جوڈیشری کیلئے بجٹ کی ایک خطیر رقم مختص کرے۔ انہوں نے کہاکہ برازیل میں آرمی سے زیادہ بجٹ عدلیہ کاہے ۔تقریب کے اختتام پر سینئر وکلاء افتخار احمد قانونی ۔مہر محمد افضل سرگانہ کو مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ نے ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے ایوارڈ دیے جبکہ صدر بار سید علی رضا ترمذی نے مہمان خصوصی مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ کو یاد گار ی شیلڈ پیش کی ۔بعدازاں فاضل جج نے ڈی سی او نادرچٹھہ ،ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو اوروکلاء کے ساتھ ماتحت عدالتوں کا دورہ کیا اورڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کی ۔

مزید :

علاقائی -