وہ فلم جسے دیکھنے کیلئے اوباما پریس کانفرنس درمیان ہی میں چھوڑ کر چلے گئے، صحافی منہ دیکھتے رہ گئے
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) گزشتہ روز امریکی صدر باراک اوباما نے سال 2015ءکی آخری پریس کانفرنس کی، لیکن ابھی رپورٹر ان سے سوال پوچھ ہی رہے تھے کہ وہ اچانک ایک انتہائی دلچسپ وجہ بتا کر نیوز کانفرنس سے چلتے بنے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کچھ رپورٹر سوال کرنے کے لئے منتظر تھے، جبکہ کچھ اپنے سوالات پیش کررہے تھے، کہ اوباما اچانک بولے ”سب کو کرسمس مبارک ہو، اوکے، اب مجھے ’سٹار وارز‘ دیکھنے کے لئے جانا ہے۔“ انہوں نے یہ الفاظ کہے اور واقعی فلم دیکھنے کے لئے رخصت ہوگئے، جبکہ ان سے سوالات کرنے کے منتظر رپورٹر دیکھتے ہی رہ گئے۔
اس پریس کانفرنس کے آغاز میں ہی اوباما نے کہہ دیا تھا کہ ”آج وائٹ ہاﺅس میں ہونے والی یہ سب سے اہم تقریب نہیں ہے۔“ ان کا اشارہ اس بات کی طرف تھا کہ اس پریس کانفرنس کے علاوہ ’سٹار وارز‘ فلم بھی پیش کی جارہی ہے۔ اوباما کی رخصتی کے بعد وائٹ ہاﺅس کے پریس سیکرٹری جاش ارنسٹ بریفنگ روم میں داخل ہوئے تو ان کے ساتھ ’سٹار وارز‘ فلم کے دو اہم کردار بھی اپنی مخصوص جنگی وردیاں پہنے ہوئے موجود تھے۔ جاش ارنسٹ کو فلم کے کرداروں کے ساتھ دیکھ کر ایک رپورٹر بولا ”اب ہم جان گئے ہیں جاش کہ تم کس فوج کے ساتھ ہو۔“