ہنی مون سے واپسی پر دوران پرواز دولہا دلہن میں لڑائی، شوہر نے ایسی حرکت کردی کہ جو شائد فضائی سفر کی تاریخ میں کسی نے نہ کی ہو
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہنی مون کے دن نوبیاہتا جوڑے کی محبت کے عروج کے دن ہوتے ہیں لیکن بھارت میں ایک میاں بیوی میں ہنی مون پر ہی ایسا جھگڑا ہوا کہ نوبت علیحدگی تک پہنچ گئی۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق لکھنﺅ کا یہ نوبیاہتا جوڑا ہنی مون کے لیے بھارت کے سیاحتی شہر گووا (Goa)گیا۔ دونوں انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے گووا سے واپس لکھنﺅ آ رہے تھے کہ جہاز ہی میں ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا۔ جھگڑا اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ پٹنہ ایئرپورٹ پر ہی شوہرنے بیوی کو جہاز میں اکیلا چھوڑ دیا اور خود اتر کر چلا گیا۔ یہ پرواز گووا سے کلکتہ اور پٹنہ سے ہوتی ہوئی لکھنﺅ پہنچنی تھی۔جب فلائٹ پٹنہ ایئرپورٹ پر 30منٹ رکنے کے بعد دوبارہ پرواز کرنے لگی تو خاتون نے عملے کو اپنے شوہر کے باہر چلے جانے کے متعلق بتایا جس پر عملے نے اس کی تلاش شروع کر دی کیونکہ قانوناً کوئی بھی فلائٹ مسافروں کو کسی بھی راستے میں آنے والے ایئرپورٹ پر اتارنے کی مجاز نہیں، لیکن عملہ اسے تلاش کرنے میں ناکام رہا۔ پٹنہ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کے بورڈنگ کارڈ چیک کرنا ایئرلائنز کا کام ہے، اس لیے اگر کوئی شخص راستے میں اتر کر غائب ہو جاتا ہے تو یہ ایئرلائنز کی غلطی ہے۔ کافی تاخیر کے بعد پرواز لکھنﺅ کے لیے روانہ ہو گئی۔