کنٹرول لائن پر پھر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ

کنٹرول لائن پر پھر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بھارت نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے معاملے میں انتہائی ڈھٹائی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دیتے ہوئے ایک بارپھر شہریوں کو آتشیں اسلحہ کانشانہ بنایا ہے۔ نکیال سیکٹر میں شہری آبادی پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک سول بس کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور شہید ہوگیا جبکہ آٹھ بچے زخمی ہوئے ہیں۔یہ افسوسناک واقعہ آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کی سنگین ترین واردات کے دو سال پورے ہونے پر پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کی طرف سے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دشمن کا بھاری نقصان ہوا۔اس اشتعال انگیزی پر پاکستان میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ ایک خاص پالیسی کے تحت جاری ہے۔مودی سرکار ایسی کارروائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں پروحشیانہ اور بہیمانہ مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتی ہے جبکہ کشیدہ حالات پیدا کر کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاک بھارت مذاکرات کو التوأ میں رکھا جاتا ہے۔ جب سے بھارت امریکہ کا اتحادی بنا ہے، مودی سرکار عالمی برادری کی پروا نہیں کر رہی اور خطے کے امن کے معاملے میں ڈھٹائی سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ بھارت کی طرف سے بلا اشتعال کارروائیوں کا ایک اور مقصد یہ ہے کہ بھارت کی کچھ ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں اور وزیر اعظم مودی خود کو جنگجو رہنما ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ ایسے حربوں میں مودی کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ بلا اشتعال فائرنگ سے لیکر سرجیکل سٹرائیک تک، ہر معاملے میں مودی کو جھوٹے دعووں اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی وجہ سے بے حد شرمندگی اور ناکامی کا سامنا ہی کرنا پڑا ہے۔ یہ بات حوصلہ افزأ ہے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں پاک فوج منہ توڑ جواب دیتی ہے۔ جنرل راحیل شریف جب آرمی چیف تھے تو انہوں نے کئی بار قوم کو بتایا تھا کہ بھارتی حملوں کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کو دوگنا نقصان پہنچایا جاتاہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اپنے فوجی جوانوں کے نقصان اور مورچوں کی تباہی کے باوجود مودی سرکار ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آتی کیونکہ خاص مقاصد کے حصول کے لئے ایسی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ بھارت کی بلا اشتعال شر انگیزیاں ہوں یا بھارتی ایجنٹوں کی دہشت گردانہ اور تخریبی کارروائیاں ، ہر معاملے میں ہماری سول اور فوجی قیادت جس طرح اپنے بے پناہ عزم کا اظہار کرتی ہے، وہ بلا شبہ حوصلہ افزأ ہے۔*

مزید :

اداریہ -