پاک ایران معاشی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے :ایرانی سفیر

پاک ایران معاشی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے :ایرانی ...

راولپنڈی(اے پی پی)پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین معاشی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کی اشد ضرورت ہے، نجی شعبے کی شرکت اور حکومتی سطح پر مشترکہ کوششوں سے جلد دو طرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافے کے اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک ایران جوائنٹ چیمبر کے زیر اہتمام عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عشائیے میں بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ ، پیٹرن چیف پاک ایران جوائنٹ چیمبرایم این اے اعجاز الحق ،صدر محمد ولی خان، سینئر نائب صدر سہیل لاشاری، نائب صدر خورشید برلاس، سابق سپیکر چوہدری جعفر اقبال، شیریں ارشداور مختلف شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ایرانی سفیر نے کہاکہ دونوں ملکوں کی قیادت امن اور ترقی کی خواہاں ہے اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر کے اشتراک سے پاکستان اور ایران میں دوطرفہ تجارت کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیا ساز گار فضاء سے فائدہ اٹھانے کے لئے تاجر آگے آئیں ۔پاک ایران جوائینٹ چیمبر کے پیٹرن چیف اعجاز الحق نے کہاکہ پاکستان اور ایران فارماسوٹیکل ، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تجارتی فوائد حاصل کر سکتے ہیں اور ایران سے بجلی گیس حاصل کرکے پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔ایران میں پاکستا ن کے سفیر آصف درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی اور ایرانی قیادت نے ہمیشہ امن اور ترقی کی راہ ہموار کی ہے اور دونوں ملکوں کے تاجروں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ پاک ایران جوائنٹ چیمبر کے صدر ولی محمد خان نے کہاکہ چمیبر دونوں ملکوں کے تاجروں کے لئے سہولیات پیدا کرے گا اور اس مقصد کے لئے تہران اور کراچی میں سنگل کنٹری نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیمبر کے نائب صدر محمد خورشید برلاس نے کہاکہ پاکستان اور ایران میں ہر سطح پر ہونے والی باہمی رابطوں سے دونوں ملکوں کے تاجروں کو بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...