پنجاب حکومت زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ،محمد طارق

پنجاب حکومت زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے ،محمد طارق

راولپنڈی(اے پی پی)بارانی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (باری )کے ڈائریکٹرمحمد طارق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے پوٹھوہار کے اضلاع راولپنڈی ،چکوال ،جہلم ،اٹک اور خوشاب کو وادی زیتون قرار دے رکھا ہے اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات پر شروع کیے گئے پانچ سالہ منصوبے کے تحت 2015تا2020تک پوٹھوہار کے اضلاع راولپنڈی ،چکوال ،جہلم ،اٹک اور خوشاب میں زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے کاشتکاروں کو زیتون کے 20لاکھ پودے مفت فراہم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلس مورالس کے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ کے دورہ کے موقع پر سفیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سفیر نے ادارہ میں ہونے والی تحقیقاتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور ادارہ کے ماہرین کے ساتھ بات چیت کیانہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب پوٹھوہار کو زیتون کی وادی بنانے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو 20 لاکھ پودے مفت فراہم کررہی ہے تاکہ ملک میں خوردنی تیل کے درآمدی بل کو کم کیا جاسکے۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے لئے حکومت پنجاب نے 1.825 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ اس طرح حکومت تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ کے لئے سستے اور معیاری پیداواری مداخل کی فراہمی کے ساتھ ان کی ممکنہ پیداوار کی مقامی مارکیٹ میں اچھی قیمت کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ ادارہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق نے ادارہ میں ہونے والی سرگرمیوں بالخصوص زیتون پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سپین کے سفیر نے زیتون کے باغ اور نرسری کا دورہ بھی کیا اور ادارہ میں ہونے والے تحقیقاتی کاموں کو سراہا۔ انہوں نے زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور تکنیکی حوالے سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔

مزید : کامرس