پنجاب ہال باغ جناح میں شہدائے پشاور کی یاد میں سیمینارکا انعقاد

پنجاب ہال باغ جناح میں شہدائے پشاور کی یاد میں سیمینارکا انعقاد

لاہور(فلم رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام شہدائے پشاور کی یاد میں سیمینارگزشتہ روز پنجاب ہال باغ جناح میں ہواجس کی صدارت ڈاکٹراجمل نیازی نے کی جبکہ شرکاء میں نجم ولی خان،ڈاکٹرصغریٰ صدف،نیلما ناہیددرانی،عرفان صادق اور رابعہ رحمن شامل ہیں،شرکا نے اپنے اظہار خیال کے دوران شہدائے اے پی ایس کو زبردست اندازمیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سیمینارکو ڈپٹی ڈائریکٹر صوفیہ بیدار نے آرگنائزکیا تھا جنہوں نے آغازمیں کہا کہ یہ ایک عظیم قومی سانحہ تھا جس کے زخم آج بھی ہرے ہیں،اس سیمینارکا مقصد شہد اکی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنا ہے کیونکہ ان لوگوں نے عظیم قربانی دی ہے جسے یاد رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے وہ اس طرح کے سانحات میں بھی سنجیدہ نہیں ہوتے۔

اور اس کا اندازہ آج ہونے والی تقریب میں لوگوں کی تعدادسے بھی لگایا جاسکتا ہے ،اگر یہاں کوئی اور تقریب ہوتی تو یہاں بے شمار لوگ موجود تھے لیکن شہداکی یادمیں ہونے والی تقریب میں بہت کم لوگ جمع ہوئے ہیں جو ایک افسوس ناک عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہداکو نہیں بھولے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھیں گے۔ڈاکٹر اجمل ملک نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بناکر درندوں کو بھی مات دے ،شاید درندوں کے دلوں میں کبھی تورحم آتاہوگا لیکن ان لوگوں نے جس طرح معصوم بچوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا اس سے یہ ثابت ہوتا ہے یہ لودگ درندوں سے بھی بدتر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداکی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی۔ نجم ولی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم یکجا ہے اور آئندہ بھی رہے گی کیونکہ قوم کے اتحادسے ہے دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کو جس اندازسے نشانہ بنایا گیا اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ،اتنے بڑے سانحہ نے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کئے۔ اس موقع پر شہداکو منظوم اندازسے بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

مزید : کلچر