انسانی حقوق تنظیم کا دورہ مقبوضہ کشمیر ،حالیہ تشدد کی لہر میں150سے زائد متاثرہ افراد سے ملاقاتیں
سرینگر(اے این این)بھارت کی انسانی حقوق کی تنظیم کنسرنڈ سٹیزنز کلیکٹیو ٹیم کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کے عوام مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے خبر گیری نہ ہونے کے باعث مسلسل مصائب جھیل رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے 12 سے16 دسمبر تک کشمیر میں اپنا دورہ کر کے کو لگام ، اننت ناگ اور پلوامہ میں زخمی بچوں سے لے کر بوڑھے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے150 سے زائد افراد سے ملاقات کی۔دورہ مکمل کرنے کے بعد تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ مظاہرین کے پتھراؤ اور اس کے جواب میں ریاست کی جانب سے گولیوں اور پیلٹ گنز استعمال کرنے کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں۔بیان کے مطابق زخمیوں میں سے زیادہ تر کو جسم کے اوپری حصے اور چہرے پر زخم آنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ مظاہرین پر گولیوں کا استعمال انہیں منتشر کرنے کی نیت سے نہیں بلکہ انہیں ہلاک کرنے کا بینائی سے مستقل محروم کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔