برطانیہ برائی کی بنیاد رکھنے والا ملک ہے،ایرانی سپریم لیڈر
تہران(این این آئی)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسامے پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ برطانیہ برائی کی بنیادرکھنے والا ملک ہے ،تھریسامے نے حال ہی میں کہا تھا کہ ایران خطے کے لیے ایک خطرہ بنا ہوا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی مذہبی رہنما کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا کہ انہوں نے کہ برطانیہ گزشتہ دو صدیوں سے علاقے کے لوگوں کے لیے برائی اور مصیبت کا ماخذ ہے۔ رواں ماہ کے شروع میں ٹریزا مے نے خلیجی رہنماؤں کی ایک سمٹ میں کہا تھا کہ علاقے کے ممالک کو ایران کے جارحانہ علاقائی اقدامات کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، بھلے وہ لبنان میں ہوں، عراق، یمن، شام یا خلیج میں ہی کیوں نہ ہوں۔