اسد شفیق آسٹریلوی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے ، ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا

اسد شفیق آسٹریلوی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے ، ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا

برسبین(سپورٹس ڈیسک) برسبین میں جاری پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق آسٹریلوی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے ، اسد شفیق نے کیرئیر کی شاندار 10ویں ٹیسٹ سنچری بنا کر پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا،میچ کے آخری روز پاکستان کو جیت کے لئے 108رنز جبکہ میزبان کو2وکٹیں درکارہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے 490رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے8وکٹوں پر382رنز بنا لئے ہیں،پاکستان کی جانب سے اظہر علی71،یونس خان64،محمد عامر48 وہاب ریاض 30اور سرفراز احمد24رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق 100رنز اور یاسر شاہ 4رنزبنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں مچل سٹارک اورجیسن برڈ نے 3،3 اورناتھن لیوئن نے2 وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اتوار کو 490رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے70رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو یونس خان اور اظہر علی وکٹ ہر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن کے دوران عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلین بالرز کو وکٹ سے محروم اور موسم کی مداخلت نے بھی اس سلسلے میں ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔دوسرے سیشن میں مچل اسٹارک کی ایک گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اظہر علی کی 71 رنز کی اننگز اور 91 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا۔اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر خراب موسم کے سبب کھیل کو روک دیا گیا اور میچ دوبارہ شروع ہوا تو کچھ ہی دیر بعد کپتان مصباح الحق بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔ یونس خان کی چھ اننگز سے جاری خراب فارم کا بالآخر خاتمہ ہوا اور انہوں نے نصف سنچری اسکور کی لیکن 65 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد تجربہ کار بلے باز ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں ناتھن لایون کی وکٹ بن گئے۔اس کے بعد ڈنر تک سرفراز احمد اور اسد شفیق نے کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور پانچ وکٹ کے نقصان پر 203 رنز بنائے ۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 220رنز پر گری جب سرفراز احمد24رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔نئے آنے والے بلے باز محمد عامر نے اسد شفیق کیساتھ 92رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کا سکور312رنز تک پہنچا دیا۔312رنز کے مجموعی سکور پر محمد عامر 48رنز بنا کر جیکسن برڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔نئے آنے والے بلے باز وہاب ریاض نے اسد شفیق کا ساتھ دیتے ہوئے 8ویں وکٹ کیلئے 66رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کا سکور378رنز تک پہنچا دیا۔چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے8وکٹوں کے نقصان پر 382رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسد شفیق100اور یاسر شاہ4رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...