اساتذہ کو اپ گریڈیشن نہ دی گئی تو احتجاج کرینگے، صوفی رمضان انقلابی

اساتذہ کو اپ گریڈیشن نہ دی گئی تو احتجاج کرینگے، صوفی رمضان انقلابی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) آل اساتذہ الائنس پنجاب و پنجاب ٹیچرزیونین کے مرکزی صدر صوفی رمضان انقلابی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ملک کا 80%بجٹ ہے۔صرف سڑکو ں اور ریلوں پر نہیں بلکہ تعلیم وصحت پر بھی خرچ کریں۔ترک حکومت جس کے میاں برادران دیوانے ہیں تعلیم پر ٹوٹل بجٹ کا6%خرچ کرتی ہے ، ہمارے ملک میں صرف 2.2%بجٹ تعلیم پر مشکل سے خرچ کیاجاتا ہے۔ حالت یہ ہے کہ BECSٹیچرز ، 13سال تک جاب کے بعد بھی صرف 6ہزار ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں ، شرم کی بات یہ ہے کہ مزدور کی تنخواہ 14ہزار جبکہ ٹیچر کی تنخواہ صرف6ہزار ہے۔ BECSٹیچرز کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اساتذہ کو اپ گریڈیشن نہ دی گئی اور PEFکو دئیے گئے سکول واپس نہ ہوئے ، اساتذہ کی انکریمنٹ روکنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو 31دسمبر پریس کلب لاہور اساتذہ کا زبردست مظاہرہ ہوگا ۔ ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ تعلیم پر بجٹ خرچ کرنا حکومت کو بہت مشکل لگ رہا ہے ، تحریری وعدوں کے باوجود وزیرتعلیم اور سیکرٹری ایجوکیشن ہمارے حقوق نہیں دے رہے جس کیلئے ہم جہاں کورٹ میں جاچکے ہیں وہیں پر 31دسمبر پریس کلب لاہور دمادم مست قلندر ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے BECSاساتذہ اور مرکزی باڈی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انتقامی کاروائیوں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ جب تک حقوق نہیں ملتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔