اتوار بازاروں میں صفائی ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بلال یاسین
لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے عام آدمی کو معیاری اور کم نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع میں اتوار بازار قائم کر رکھے ہیں اور ان اتوار بازاروں میں مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔اتوار بازاروں میں صفائی ،تازہ سبزیوں او رپھلوں کی فروخت ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان بازاروں میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کو یقینی بنائیں۔ معصوم اور کم سن بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں او رقلم ہونا چاہیے نہ کہ انہیں مارکیٹوں اور اتوار بازاروں میں مشقت اور مزدوری کرنی چاہیے۔لاہو رکے مختلف اتوار بازار کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ آئندہ کسی بھی اتوار بازار میں بچے کام کرتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔انہوں نے شادمان اور گلشن راوی کے اتوار بازارو ں میں چائلڈ لیبر پر درجن سے زائد سٹالز بندکروادیں۔انہوں نے فرائض میں غفلت اور ڈیوٹی پر غیر حاضری کی وجہ سے محکمہ خوراک کے فوکل پرسن سرفراز کو فوری معطل جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خالد عظیم کو وارننگ جاری کی۔ بلال یاسین نے کہاکہ اتوار بازاروں میں ٹاؤن انتظامیہ او ردیگر محکموں کے عملہ کی غیر حاضری اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے لاہور کے مختلف ٹاؤنز میں قائم اتوار بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں او رناپ تول کا خصوصی جائزہ لیتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ سٹالز لگانے والے افراد کو چائلڈ لیبر کے خاتمہ اور ناپ تول کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔وزیرخوراک نے لوگوں سے اشیاء کے معیار، قیمتوں، بازار میں فراہم کی گئی سہولتوں اور ٹاؤن انتظامیہ کے رویہ کے بارے میں گاہکوں اور عام شہریوں سے دریافت کیا۔انہوں نے تمام اتوار بازاروں میں آٹے کے تھیلوں کے وزن او رنمی کی موجودگی کو جانچنے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔