پاکستان کو کرپشن سے نکالنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، انیس الرحمن بٹ

پاکستان کو کرپشن سے نکالنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، انیس الرحمن بٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)سماجی تنظیم اینٹی کرپشن اینڈ نارکوٹکس کے چیئرمین انیس الرحمن بٹ نے روز نامہ پاکستان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرپشن اور منشیات سے پاک کرنا میرا خواب ہے ۔میری جدوجہد ہر نوجوان کو منشیات سے بچاناہے۔ میری ہر سیاسی جماعت سے اپیل ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد کو سیاسی مفادات کا ذریعہ نہ بنائیں۔ اس سے ملک و قوم کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ قوانین بھی ہیں اور شعور بھی ہے مگر قوانین کا یکساں اور بے رحم اطلاق سب سے بڑا مسئلہ ہے۔اس کے بہت ساری وجوہات ہیں جن میں غربت،غیرفعال ایڈمنسٹریشن ،سیاسی اثرورسوخ اور میرٹ کے خلاف تقرریاں سرفہرست ہیں۔ان سیاسی و سماجی جرائم پر کسی ایک جماعت کو مورد الزام ٹھہرانا زیادتی ہوگی، ماضی میں جو حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے ان جرائم میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا،جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان کرپشن کا گڑھ بن گیا ۔ منشیات کا استعمال اور اس کی آمد ورفت بڑھ گئی۔ مذکورہ برائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا تنہا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس کے لئے نجی شعبہ میں کام کرنے والی تنظیموں،اداروں،عوامی سیاسی وسماجی حلقوں کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔انیس الرحمن بٹ نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے بہا نعمتوں سے نوازا ہے۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں مگر نوجوان نسل کو ایک منصوبہ بندی کے تحت نشے کی لعنت میں ملوث کیا جا رہا ہے۔نوجوان کو منشیات کے استعمال کی اس لعنت سے نکالنے اور بچانے کے لئے ہم سب کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کرمشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔