دو روزہ دسویں آئی ٹرپل ای بین الاقوامی کانفرنس برائے اوپن سورس سسمٹز اختتام پذیر

دو روزہ دسویں آئی ٹرپل ای بین الاقوامی کانفرنس برائے اوپن سورس سسمٹز اختتام ...

لاہور(خبرنگار) الخوارزمی انسٹیٹو ٹ آف کمپیوٹر سائنس(ککس) یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر اہتمام آئی ٹرپل ای، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، آئی ای ٹی اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے دو روزہ دسویں آئی ٹرپل ای بین الاقوامی کانفرنس برائے اوپن سورس سسمٹز اور ٹیکنالوجیزبعنوان سمارٹ سیٹیز) (Smart Cities مین کیمپس میں اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب میں مشیروزیراعلیٰ اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈڈاکٹر عمر سیف بطور مہمان خصوصی، وائس چانسلر پروفیسریوای ٹی لاہور ڈاکٹر فضل احمد خالد، ڈائریکٹرککس پروفیسر ڈاکٹر وقار محمود اور ڈاکٹر شافع شمائل سمیت دیگر ملکی و غیرملکی مہمان موجود تھے۔

مشیروزیراعلیٰ اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈڈاکٹر عمر سیف بطور نے تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب صوبے بھر کے تمام شہروں کو ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے بھر پور کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مختلف پروگرام شروع کیے جا چکے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ جامعات میں بھی اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ معیاری تحقیقی کا م جامعات کی قدر بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور بین الاقوامی درجہ بندی میں نمایاں مقام دلاتا ہے جس پر مکمل توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور یہی زرخیز دماغ کی نشاندہی بھی کرتا ہے اس سلسلے میں نصاب سمیت تمام عملی امور کو انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہم آہنگ ہونا چاہیئے اور اسکی بدولت تدریسی اورصنعتی اداروں میں مضبوط تعلق قائم ہو سکے گا۔انہوں نے یو ای ٹی لاہور کی ملک کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔ تقریب میں حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ جامعات اور دیگر اداروں کی آپس میں باہم مشاورت سے معاشرے کی فلاح و بہبود کی خاطر قابل عمل راہ نکالی جا سکتی ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور انجنیئرنگ کی بنیاد پر اپنائی گئی سوچ سے مختلف مسائل کو ختم کیا جا سکتا ہے وائس چانسلر نے کہا کہ اوپن سورس ٹیکنالوجی کے ذریعے شہروں کو سمارٹ سیٹیز میں بدلا جا رہا ہے جوکہ دنیا کے ساتھ مختلف معاملات میں جوڑنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹر الخوارزمی انسٹیٹوٹ آف کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر وقار محمود نے شرکاء کو کانفرنس کی تاریخ اسکے مقاصد اور اہمیت اور آئندہ سال میں منعقدکی جانیوالی تاریخ سے متعلق حاضرین کوآگاہی فراہم کی۔دوسرے مقررین میں ڈاکٹر شافع شمائل اور برطانیہ سے ڈاکٹر اینڈریو نے کانفرنس اور اس کے موضوع کے متعلق اپنے خیالات سے روشناس بھی کروایا۔ واضح رہے کہ اس کانفرنس نے اپنی دس سالہ کامیابی کا سفر مکمل کر لیا اس کے انعقاد کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے خیالات اور مہارتوں سے استفادہ حاصل کرنا تھا تاکہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر اوپن سور س کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے رجحانات کو مکمل طور پر جانچا جا سکے۔یاد رہے کہ کانفرنس میں امریکہ ،برطانیہ ، آسٹریلیا، جرمنی،جاپان ،رومانیہ، کینیڈا، بھارت،ملائیشیا، متحدہ عرب امارات ،سعودی عرب اور اٹلی سمیت پورے ملک سے محققین اور آئی ٹی انڈسٹری کی نامور شخصیات نے تکنیکی نشستوں میں نمائندگی کی۔ تقریب کے اختتام پرمہمانوں ،منتظمین اورشرکاء کو شیلڈز دی گئیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...