شمالی چھاؤنی ، اولڈ آفیسرز کالونی میں ڈاکو زیورات، نقدی لوٹ کر فرار
لاہور(وقائع نگار) شمالی چھاؤنی کے علاقے میں واقع اولڈ آفیسرز کالونی کے رہائشی کامران کے گھر ڈکیتی کی واردات، ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں مالیت کے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔کامران کے مطابق واردات کے وقت گھر میں صرف خواتین موجود تھیں کہ کار سوار خواتین سمیت چار ڈاکو دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، انہوں نے گھر میں موجود خواتین کو یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار شروع کر دی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے خواتین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ لوٹ مار کرتے ہوئے گھر سے لاکھوں مالیت کے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔دوسری طرف پولیس کا کہنا تھا کہ موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کارروائی شروع کر دی ہے