پاک چین تعلقات نئی بلندیوں پر، سی پیک خطے سے انتہا پسندی کے رجحان کا خاتمہ کرے گا :شہباز شریف
لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے ا مور، پاک چین تعلقات کے فروغ کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن )اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین رابطے مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مابین تعلقات کو مزیدفروغ کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بیورو انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ یوان زی بنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کو دوسری بڑی معاشی طاقت بنانے میں کمیونسٹ پارٹی، چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور چین کی موجودہ ترقی کے پیچھے شوشلزم کا نظریہ اورچین کے عظیم تاریخی ورثے کی قوت کارفرماہے۔ بلاشبہ چین کی ترقی اس کی قیادت اور عوام کی محنت اور قربانیوں کا معجزہ ہے۔ ہماری حکومت صرف چین کی تعریف ہی نہیں کرتی بلکہ بہت کچھ سیکھنے کی بھی کوشش کرتی ہے۔ اس وقت چین میں پاکستانی طلبا و طالبات چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے پاکستانی طلبہ کو چین بھجوایا ہے۔ نوجوانوں کے مزید وفود جلد چین بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اس وقت پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کیا ہے جب ہمیں دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا تھا۔ پاکستان اورچین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندرسے گہری ، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ پاک چین دوستی آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے۔ پاکستان او رچین کی موجودہ لیڈرشپ کے دور میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ پاک چین دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل چکی ہے۔ چین کی قیادت نے وزیراعظم نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاہے۔ کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان آئیڈیل تعلقات ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ پاکستان سے پارٹی کی سطح پر وفود کے تبادلوں کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لاہور آکر دلی خوشی ہوئی ہے اور پاکستان میں بہت پیار اورمحبت ملی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایوان وزیراعلیٰ میں ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران احمت البراک نے پنجاب میں ہاؤسنگ اور سماجی شعبے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کرنے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں جمہوریت کے ساتھ جس والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ ترکی کی عظیم قوم نے اپنے عظیم قائدرجب طیب اردوان کی قیادت میں عظیم جدوجہد کر کے جمہوریت کو بچایا ، بلاشبہ یہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کیا ہے۔ ترکی کے عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں، بلاشبہ شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، عائشہ غوث پاشا،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شہبازشریف