ڈی جی خان ،روجھان کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ،5دہشتگردہلاک،4فرار
ڈیرہ غازی خان(اے این این) سی ٹی ڈی نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کوہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے جب کہ دہشت گردوں کے4ساتھی فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ہفتہ اور اتوار کو رات گئے ڈیرہ غازی خان کے علاقے رکھ روجھان کے چوٹی بالا روڈ پر 9 سے 10 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی گئی جس کے دوران دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے4ساتھی فرارہوگئے۔جن کو پکڑنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مارے جانے والے پانچ دہشت گردوں میں سے دو کی شناخت ملک تحسین اور کامران کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملک تحسین گزشہ روز دہشت گردوں کی مدد سے پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے چار ہینڈ گرنیڈ، 4 رائفلیں اور دو پسٹل بھی بر آمد ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی ملتان نے مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری اور ملنے والے اسلحہ بارود سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔