فاٹا کو ملک کے دوسرے علاقوں کے برابر لانا اولین ترجیح ہے :امیر مقام

فاٹا کو ملک کے دوسرے علاقوں کے برابر لانا اولین ترجیح ہے :امیر مقام

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دو سال محنت کر کے فاٹا اصلاحات تیار کی ہیں ، ہمارے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کا پختہ اور مسمم ارادہ ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لائیں گے، کالا قانون ایف سی آر کا خاتمہ کریں گے اور فاٹا کے لوگوں کی اکثریت کے مطابق خیبر پختونخواہ کا حصہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کے مولانا فضل الر حمٰن صاحب ہم سب کے لیے قابل احترام ہیں اور ہمارا پکا اتحادی ہیں اور رہیں گے، ان کے مشوروں اور آراء کا احترام کیا جائے گا امید ہے مولانا صاحب کی بھی یہی خواہش ہو گی کہ پاکستان بننے کے بعد پہلی دفعہ اگر فاٹا کے عوام کو ایک موقع ملا ہے اسکو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر فاٹا کے اراکین قومی اسمبلی شہاب الدین خان، ساجد طوری ،سینیٹر سجاد حسین طوری اور سینیٹر نجم الحسن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انجینئرامیرمقام نے کہاکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کا رکردگی بحیثیت وزیر داخلہ سابقہ ادوار کے وزائے داخلہ سے بہترین ہے ،انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں امن امان کی فروغ کے لیے بہترین کام کے ساتھ بین القوامی سطح پر بھی پاکستانی عوام کے موقف کی بہترین نمائندگی کی، انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو پیشہ وارانہ طریق سے نبھایا ۔انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ کی تبدیلی کامطالبہ کرنیوالے کراچی میں قیام امن میں مکمل طورپرناکام ہوگئے تھے،انہیں چوہدری نثارعلی خان کاشکرگزار ہونا چاہئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...