حکمران مہاجر دشمنی میں کھل کر سامنے آگئے ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

حکمران مہاجر دشمنی میں کھل کر سامنے آگئے ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کو تعلیم اور روزگار سے محروم کرنے والے حکمران اب مہاجر دشمنی میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ مہاجروں کو مسلسل نظرانداز کرکے کراچی میں غیر مہاجروں کو ملازمتیں اور سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ، کراچی، میرپورخاص سمیت مہاجر اکثریتی آبادی کے شہروں کو پیپلزپارٹی کی حکومت ہر طرح سے نظرانداز کررہی ہے۔ مختلف صوبائی محکموں میں نکالی جانے والی ملازمتوں میں مہاجروں کیلئے داخلے شجر ممنوع بنادیا گیا ہے بلکہ کئی محکموں کی جانب سے آسامیوں کے اشتہارات میں واضح طورپر لکھا گیا ہے کہ ملازمتیں ان کو دی جائیں گی جو سندھی بولنا اور سندھی لکھنا جانتا ہو ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جو خود کو وفاق کی دعویدار جماعت کہلاتی ہے لیکن وہ سندھ کے قوم پرستوں سے زیادہ قوم پرستی کررہی ہے ۔ مہاجروں کو گزشتہ 8سال سے اقتدار اور اختیارات سے محروم رکھا گیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پھر مہاجروں میں پیدا ہونے والی احساس محرومی کا لاوا سنگین صورتحال اختیار کرجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہی کوٹہ سسٹم جیسے کالے قانون کے تحت مہاجروں کی چار نسلیں تباہ کی جاچکی ہیں ۔ اب مزید مہاجروں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ لیکن افسوس کہ اتنے سنگین مسئلے پر نہ تو کوئی وفاقی سیاسی اور مذہبی جماعت بولنے کو تیار ہے اور نہ ہی مہاجرمینڈیٹ کے دعویدار جوکہ گزشتہ 35 سال سے مہاجروں کا خون چوس رہے ہیں وہ اس مسئلے کو اسمبلیوں میں اُٹھانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے مہاجر دانشوروں، ادیب، شعراء، صحافی، وکیل سمیت دنیا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہاجروں پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نسلوں کے تحفظ کیلئے مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے کے بجائے حکومت کیخلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔