مہمند ایجنسی ،مہمند سیاسی اتحاد کا ایف سی آر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مہمند ایجنسی ،مہمند سیاسی اتحاد کا ایف سی آر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، مہمند سیاسی اتحاد کا ایف سی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ قبائلی جوان بیدار ہو چکے ہیں۔ فاٹا کو 2018 انتخابات سے پہلے صوبے میں ضم کیا جائے۔ غلنئی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ورکروں کی پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں ریلی۔ مولانا فضل الرحمن پر شدید تنقید، قبائلی مشران اور ایف سی آر کے خلاف نعرہ بازی۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں اتوار کے روز مہمند سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام مختلف سیاسی پارٹیوں کا ایف سی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے غلنئی بازار سے مہمند پریس کلب تک ریلی نکالی اور ایف سی آر و قبائلی مشران کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بعد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا سیاسی اتحاد کے صدر نثار احمد مہمند، جنگریز خان مہمند، سیاسی اتحاد کے صدر ڈاکٹر فاروق افضل، جنر سیکرٹری ساجد خان مہمند، محمد سعید خان، ملک عظمت خان، قاری رحیم شاہ اور دیگر نے کہا کہ قبائل سیاسی طور پر بیدار ہو چکے ہیں۔ اپنی قسمت کے فیصلے کرنے کا شعور رکھتے ہیں۔ اور اپنے حقوق کیلئے اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اس لئے فاٹا سے ایف سی آر کے خاتمے کا جلد از جلد اعلان کر کے فوری طور پر صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کر دیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مولانا فضل الرحمن مفاد پرست مشران کے ساتھ مل کر ان کے مراعات کا دفاع اور ایف سی آر بر قرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس سازش میں پنجاب کے جاگیر داروں اور بیورو کریٹ بھی ساتھ دے رہے ہیں۔ ایف سی آر بر قرار رکھنے کا مقصد پختونوں کو متحد نہیں ہونے دینا ہے۔ مظاہرے میں تحریک انصاف ، جماعت اسلامی، پی پی پی، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے ورکروں اور رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ حکمران پارٹی مسلم لیگ (ن) اور قومی وطن پارٹی مظاہرے سے غائب رہی، کسی ورکر یا رہنما نے حصہ نہیں لیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین مولانا فضل الرحمن ، قبائلی مشران اور ایف سی آڑ کے خلاف نعروں کے علاوہ ایف سی آر کے حامی، حرامی، حرامی کے شدید نعرہ بازی کی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ہم نے اصلاحاتی کمیٹی کے سامنے گو ایف سی آر گو کا جو نعرہ لگایا ہے حکومت اسے عملی جامہ پہنائے۔ این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کا کوٹہ 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کیا جائے۔ انہوں نے اجتماعی ذمہ داری میں گرفتار بے گناہ افراد کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...