”ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میرے والد کو پتہ تھا ان کا وقت پورا ہو گیا ہے کیونکہ ۔ ۔ “: تیمور جنید
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )معرو ف مذہبی سکالر و نعت خواں جنید جمشید کے صاحبزادے تیمور جنید نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میرے والد کو پتہ تھا کہ ان کا وقت پورا ہو گیاہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک پیغام میں اپنے والد کی یادیں تازہ کرتے ہوئے تیمور جنید نے بتایا کہ ایک بار جنید جمشید کے دوست نے ان سے سوال کیا ”آپ کے بہت زیادہ سفر کرنے پر بچے شکایت نہیں کرتے ؟“۔اس سوال پر جنید جمشید نے جواب دیا کہ میری زندگی میں کام بہت زیادہ ہیں اور وقت بہت کم ہے ۔تیمور جنید نے بتا یا کہ مجھے حال ہی میں پتہ چلا ہے کہ والد صاحب نے اپنی شہادت کے لیے دعا مانگی تھی ۔جنید جمشید کے ایک ساتھی نے تیمور جمشید کو بتا یا کہ چترال میں ایک بیان کے دوران جنید جمشید ایک دم رک گئے اور حاضرین سے درخواست کی کہ سب میری دعا پر آمین کہیں ۔اس کے بعد جنید جمشید نے دعا کی ”اے اللہ مجھے اپنی راہ میں شہادت نصیب فرما“۔تیمور جنید نے دعا کی ”اللہ میرے والد کی قربانی قبول فرمائے اور انہیں شہادت سے نوازے“۔