سپریم کورٹ : عدلیہ اور کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ کو سکینڈلائز کرنے کا الزام ،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی) عدلیہ اور کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ کو سکینڈلائز کرنے کے الزام میں وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار بئیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر توہین عدالت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل کوئٹہ کمیشن نے پچاس نکات پر مبنی حقائق اور اسی نکات پر مشتمل سفارشات کو رپورٹ میں درج کیا۔لیکن وزیر اعظم کے ایماءپر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے براہ راست قاضی فائز عیسی اور سپریم کورٹ کو تنقید کا نشانہ بنا کر عدلیہ کو سکینڈلائز کیا۔ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میں کالعدم تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کاخود بھی اعتراف کیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے پر آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔