معاشرہ امن وآشتی کی بدولت ترقی کرتا ہے ،عارف یوسف

معاشرہ امن وآشتی کی بدولت ترقی کرتا ہے ،عارف یوسف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون و پارلیمانی امور عارف یوسف نے کہا ہے کہ معاشرہ امن و آشتی کی بدولت ہی ترقی کرتا ہے اسلئے ہمیں باہمی رنجشوں اور عداوتوں کی بجائے بھائی چارے اور اخوت کو فروع دینا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے گڑھی لوہاراں لنڈی ارباب پشاور میں ایک مصالحتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر معززین علاقہ ، پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ بلدیاتی نمائندے ملک اشفاق خان ، ڈاکٹر محمود الحسن سابقہ ناظم ، ملک جان نثار ، عارف اللہ اور شمس الرحمان سمیت عوام بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ معاون خصوصی عارف یوسف اور جرگہ کے دیگر ممبران کی کاوشوں سے دو فریقین نجیب اللہ وغیرہ اور مشتاق سکندر وغیرہ کے درمیان برسوں سے چلی آنے والی دشمنی دوستی میں تبدیل ہو گئی اور وہ اس موقع پر باہمی طور پر تمام کدورتوں کو بھلا کر ایک دوسرے سے بغل گیر ہو گئے جنہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے عارف یوسف نے کہا کہ بحیثیت انسان غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں لیکن انہیں انا کا مسئلہ بنانے کی بجائے صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئیے اسی میں خوشحالی اور سلامتی ہے اور ہمیں دین اسلام نے بھی یہی تعلیمات دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گھر ، محلے ، شہر اور ملک کی سطح تک سب کو رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پر امن ماحول تشکیل دینا چاہئیے اسی میں ترقی اور خوشحالی مضمر ہے۔