پاکستان کی تاریخ کے انوکھے ترین مقدمے میں بلی پر پرچہ کاٹ دیا گیا
چنیوٹ (ویب ڈیسک) پالتو بلیاں چوری کرنے والا سرگرم گروہ شہری کا خوبصورت بیش قیمت بلا لے اُڑا، جس کے خلاف کارروائی کے لئے شہری نے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔
امیر عمر چمن نامی شہری نے تھانہ سٹی چنیوٹ پولیس کو تحریری درخواست دی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ چنیوٹ میں قیمتی پالتو بلیاں چوری کرنے والا گروہ متحرک ہے اور گزشتہ روز ان کا ’سکیٹو‘ نامی قیمتی رشین بلے کو بھی گروہ نے چوری کرلیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے چوری ہونے والے سفید رنگ کے بلے کی عمر 8 ماہ اور قیمت 70 ہزار بتائی گئی ہے۔
شہری کے مطابق بلا روزانہ کھیلنے باہر گلی میں چلا جاتا تھا، 16 دسمبر کو معمول کے مطابق گھر کے کھلے ہوئے گیٹ سے ایک بلی کو گزرتا دیکھ کر ’سکیٹو‘ گلی میں چلا گیا۔ درخواست کنندہ کا بھائی بلے کے پیچھے گلی میں آیا تو اس نے دیکھا کہ دو موٹرسائیکل سوار بلے کو اٹھا کر فرار ہوگئے ہیں۔ شہری نے گلی سے گزرنے والی بلی کو ملزمان کی جانب سے بلے کو ورغلانے کے لئے بھیجنے کا الزام لگایا ہے۔
بلے کے مالک کی جانب سے ایف آئی آر میں دو ملزمان اور ایک بلی کو نامزد کیا گیا ہے۔ شہری کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے۔