کوہاٹ،بجلی کی مسلسل بندش کیخلاف علاقہ عوام سڑکوں پر نکل آئے

  کوہاٹ،بجلی کی مسلسل بندش کیخلاف علاقہ عوام سڑکوں پر نکل آئے

  



کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوھاٹ کے نواحی علاقہ شاہ پور میں مسلسل 72 گھنٹوں سے بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ عوام سڑکوں پر نکل آئے اور کوھاٹ بائی پاس روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا جس کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں عوام واپڈا کے ناروا سلوک‘ بجلی کے کم وولٹیج‘ مسلسل بندش اور پانی کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کرتے رہے اور ان کے خلاف نعرے لگاتے رہے پولیس کی بھاری نفری کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے موقع پر پہنچ گئی اور اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل اے سی طاہر علی بھی مظاہرین کے پاس پہنچ گئے اور ان کا مسئلہ فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور علاقہ مشران سابق ڈسٹرکت کونسلر محمد اقبال‘ شاہ محمود اور مسعود خان خلیل ایڈووکیٹ پر مشتمل وفد تشکیل دے کر مظاہرین کا پرامن طور پر منتشر کر دیا گیا وفد نے ڈپٹی کمشنر مطیع اللہ خان کے آفس پہنچ کر علاقہ عوام کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور 72 گھنٹوں سے بجلی کی مسلسل بندش کی وجہ دریافت کی ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر بجلی بندش میں ملوث ذمہ داران لائن مین‘ سپرنٹنڈنٹ اور میٹر ریڈر کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور علاقہ شاہ پور کی بجلی جلد بحال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں وفد نے ڈپٹی کمشنر کا کامیاب مذاکرات پر شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر