ضم شدہ اضلاع میں اچھی شہرت وقابل ڈاکٹر وں کو تعینات کیا جائیگا: ڈاکٹر ہشام

ضم شدہ اضلاع میں اچھی شہرت وقابل ڈاکٹر وں کو تعینات کیا جائیگا: ڈاکٹر ہشام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت ضم اضلاع میں صحت کے شعبے میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کے لئے ان اضلاع میں نئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تعینات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں متحرک اور اچھی شہرت و قابلیت کے حامل ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں میں بہتری لائی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر صحت نے منگل کے روز ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کی تعیناتی کے لئے پلیسمنٹ کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشد خان، اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ضم اضلاع ڈاکٹر فیصل خان بھی موجود تھے۔ وزیر صحت نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں مختلف منصوبے جن میں 300سے زائد پورٹ ایبل الٹراساؤنڈ مشین، تمام اضلاع میں ہسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کی اپگریڈیشن, ضلع کی سطح پر انتہائی نگہداشت یونٹ جس میں 6 بیڈز میڈیکل آئی سی یو اور 6بیڈز نومولود بچوں کے آئی سی یو ہونگے،ہرضلع میں لیول 2 ٹراما اینڈ ایمرجنسی سنٹر شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں میں ڈومیسائل کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی تعیناتیاں کی ہیں جن سے ان اضلاع میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہو گی۔ضم شدہ اضلاع میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو پر کششِ مراعات دے رہے ہیں سپیشلسٹ ڈاکٹر کو چارلاکھ پچاس ہزار، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کو 2 لاکھ،ایمرجنسی کیلئے تربیت یافتہ ڈاکٹر کو 3 لاکھ، اور پیرامیڈیکس اور نرسز کو بھی دیگر بندوبستی اضلاع سے دوگنا زیادہ تنخواہیں دے رہے ہیں۔