حکومت انصاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے،مشتاق جدون

  حکومت انصاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے،مشتاق جدون

  



مردان (بیورورپورٹ)چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا مشتاق جدون اور ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ خدمات تک رسائی صوبائی حکومت کے ماتحت ادارے عوام کو بروقت انصاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں، یہ قانون صوبائی حکومت کا انقلابی قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ہال مردان میں ضلعی رسائی فورم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار کا اہتمام رائیٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخو ا نے کیا تھا۔ سیمینار سے کمشنر رائیٹ ٹو پبلک سروسز میاں حضرت محمود، ڈی ایم او مردان شہباز خان، ایس پی اپریشن مشتاق خان، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر سید علی بخش، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور دیگر نے خطاب کیا۔ چیف کمشنر رائیٹ ٹو پبلک سروسز نے کہا کہ سرکاری افسران و اہلکاران اس قانون کے تحت عوام کو بروقت انصاف فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں، تاکہ عوام کو انصاف ان کے دہلیز پر دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت 23 خدمات تک رسائی عمل میں لایا گیا ہے، جس میں ایف آئی آر، پولیس تصدیق ڈرائیونگ لائسنس، ڈومیسائل، پیدائش، اموات سرٹیفیکیٹ، فرد زمین، وراثت میں تبدیلی اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل قانون کے تحت حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ذمہ داری کا اہم حصہ ہے، عوام کو چاہیے کہ سرکاری محکموں کے خلاف شکایات ہیں تو رائیٹ ٹو پبلک سروسز سے رابطہ رکھیں تاکہ مسائل کا حل بروقت یقینی بنائیں جاسکیں۔ آخر میں چیف کمشنر رائیٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن مشتاق جدون اور ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے ضلعی دفتر برائے رائیٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن مردان کا افتتاح کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر