الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبہ میں ایوارڈز کی تقسیم!

الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی اداروں کے ہونہار طلبہ میں ایوارڈز کی تقسیم!

  



الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام خدمات انجام دینے والے تعلیمی اداروں میں لاہور بورڈ میں جماعت نہم کے امتحان میں اے اور پلس اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈز اور ان کے اساتذہ کرام کو نقد انعامات اور ایوارڈ، دینے کی ایک پُروقار اور شاندار تقریب الحمراء ہال میں منعقد ہوئی،جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کی،جبکہ مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل مشتاق احمد مانگٹ تھے، دیگر مہمانانِ میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد،ڈائریکٹر الخدمت سکولز زبیر احمد صدیقی،ثریا اشفاق ماڈل گرلز ہائی سکول اسلام پورہ الخدمت کیمپس کے ایڈمنسٹریٹر ملک محمد منیر، خورشید ماڈل سکول لاہور کینٹ کے ایڈمنسٹریٹر فاروق ناطق، الخدمت سکول لال پور کے ایڈمنسٹریٹر ملک محمد شاہد، فضل نور کیمپس کے ایڈمنسٹریٹر چودھری محمد اقبال، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے سیکرٹری مغیث شاہد،نائب صدر چودھری محمد سلیم، الخدمت فاؤنڈیشن پی پی149 کے صدر شیخ ایاز احمد، ثریا اشفاق ماڈل سکول اسلام پورہ کی پرنسپل محترمہ ساجدہ سندھو، فضل نور کیمپس کی پرنسپل عائشہ فاروق، الخدمت سکول لال پور کی میڈم رضیہ اور مس جویریہ سمیت طلباء و طالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان جماعت اسلامی پاکستان کی ذیلی تنظیم ہے، جو پاکستان سمیت دُنیا بھر میں خدمت ِ خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے، پاکستان میں دیگر فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن ایک تعلیمی پراجیکٹ بھی چلا رہی ہے،جس کے زیر اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن کے تعلیمی ادارے دورِ حاضر کی جدید سہولتوں سے آراستہ ہیں جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کوالیفائیڈ اساتذہ طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت ملکی تقاضوں اور دینی اساس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس انداز سے کرتے ہیں کہ ان تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد یہ طلبہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ثریا اشفاق ماڈل سکول اسلام پورہ کے ایڈمنسٹریٹر ملک محمد منیر کی خدمات نونہالِ وطن کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اندھرے میں روشنی کی مانند ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے ہونہار طلبہ کو ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے طلبہ نے مختلف ٹیبلو اور قومی نغمے بھی پیش کئے اور تقاریر بھی کیں۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد اور الخدمت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری مشتاق احمد مانگٹ کا خطاب اپنی مثال آپ تھا، ایسی تقاریب کا انعقاد ہونہار طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے مستقبل کو بھی تابناک بناتا ہے۔

٭٭٭

مزید : ایڈیشن 1