پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نیب کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار 

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا نیب کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار 

  



اسلام آباد(آئی این پی)پارلیمنٹ کی ذیلی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔، کنونیئر کمیٹی نور عالم خان نے ریمارکس دیئے کہ کمیٹی کی طرف سے نیب کو کیسز بھجوائے جاتے ہیں تو نیب والے سو جاتے ہیں، دو ارب روپے کی چوری پر 20کروڑ کی پلی بارگین کر لی جاتی ہے،صدرمملکت بیٹھے ہوئے تھے اور چیئرمین نیب لیکچر دے رہے تھے، وہ لیکچر نہ دیں۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر نور عالم خان کی صدارت میں ہوا، جس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے 2017-18کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پی اے آر سی کی جانب سے زیتون کی کاشت کے منصوبوں سے متعلق ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا،جس کے باعث اس منصوبے کا آڈٹ نہیں ہو سکا، ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ منصوبے کے حوالے سے آٹھ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر رجسٹرڈ ہوئی، یہ کیس عدالت کو بھجوا دیا گیا ہے، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ایک اور پروگرام کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، پی اے آر سی کی طرف سے ایک ٹرینڈ تھا کہ یہ ریکارڈ فراہم نہیں کرتے تھے، سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے کہا کہ وزارت کی جانب سے  2018سے تین خط آڈٹ کو لکھے گئے ہیں کہ آڈٹ کرلیں، کمیٹی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت کی کہ منصوبوں کا تمام ریکارڈآڈٹ حکام کو فراہم کیا جائے اور ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے  ذمہ داروں کا تعین کر کے ایک مہینے میں رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا  پی اے آر سی  کی جانب سے دو آسامیوں کا اشتہار دیا گیا اور 17ایل ڈی سیز کی تقرری کی گئی، کنوینئر کمیٹی نے  سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت کی کہ معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کمیٹی کو بھجوائیں، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پی اے آر سی میں  رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے9 ملازمین کو اپ گریڈکیا گیا، کمیٹی نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ فراہم کی جائے،کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی نے ہدایات دی تھیں کہ پارک انکلیو میں لوگوں سے لیٹ فیس نہ لی جائے لیکن پھر بھی لوگوں سے چارجز لئے جا رہے ہیں، کمیٹی نے معاملے پر چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا، جبکہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ کے لئے آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا۔

پبلک کمیٹی

مزید : علاقائی