کراچی میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میلہ آج سجے گا

کراچی میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میلہ آج سجے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی کے بعد شہر قائد کراچی میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ (آج)جمعرات سے سجے گا،پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا ٹیسٹ(آج) سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا، دونوں ٹیموں نے مسلسل دوسرے روزنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کی،پاکستانی ٹیم نے فزیکل ٹریننگ اورفٹبال کھیلی پھر نیٹس پربیٹنگ اوربولنگ کی خوب مشقیں کیں۔دونوں ٹیموں میں راولپنڈی ٹیسٹ سکواڈ میں ایک ایک تبدیلی کی جائیگی۔پاکستانی سکواڈ میں بیمار عثمان شنواری کی جگہ یاسر شاہ کو شامل کیا جائیگا جبکہسری لنکن فاسٹ بالر کاسون راجیتھا بھی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کراچی ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔میچ صبح 10بجے شروع ہو گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ (آج)جمعرات سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بدھ کونیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اورسری لنکا کی ٹیمیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں ٹریننگ کے لیے اسٹیڈیم پہنچیں، اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔پاکستانی ٹیم نے فزیکل ٹریننگ اورفٹبال کھیلی پھر نیٹس پربیٹنگ اوربولنگ کی خوب مشقیں کیں جبکہ سری لنکن کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس میں خوب جان ماری۔دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔قومی کرکٹ ٹیم نے یہاں 41میں سے 21ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔دونوں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کے ذریعے بھرپور تیاریوں کا پیغام دے دیا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں کم از کم ایک تبدیلی یقینی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈراپ کیے جانے والے یاسر شاہ کی شمولیت متوقع ہے، فاسٹ بالر عثمان شنواری بخار کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔ادھر سری لنکن فاسٹ بالر کاسون راجیتھا بھی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کراچی ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں، وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں صرف چھ اوورز کراسکے تھے۔ دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑی کیریئر میں پہلی بار نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلنے اتریں گے۔